کرک
ذوالفقار علی انجم کا کرک یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی مقالے کا کامیاب دفاع۔
کرک: 24 جولائی، 2024 – خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کے مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی کے سکالرذوالفقار علی انجم نے بدھ کے روز اپنے مقالے کا کامیاب دفاع کیا۔
اس ضمن میں جاری کردہ یونیورسٹی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق ذوالفقار علی انجم کے سپروائزر شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر فقیر سجاد الحسن اور شریک سپروائزر ڈاکٹر عارف اللہ خٹک تھے۔
ممتحنوں میں ڈاکٹر شاہ ولی، ایسوسی ایٹ پروفیسر آئی ایم سائنسز پشاور اور مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کامسیٹس یونیورسٹی اٹک کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نعمان خان سمیت ڈاکٹر حسن احمد شاہ، ڈیپارٹمنٹ آف منیجمنٹ سائنسز خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک شامل تھے۔
ذوالفقار علی انجم نے اپنے پی ایچ ڈی کے سفر کی کامیابی کو اپنے سپروائزرز کی بھرپور حمایت اور رہنمائی کی مرہون منت قراردیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فقیر سجاد الحسن نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ نے قلیل مدت میں پانچ پی ایچ ڈیز فارغ کئے ہیں، انہوں نے تعلیمی میدان میں مزید کامیابیوں کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرنے پر ذوالفقار علی انجم کو مبارکباد دی۔ اس تقریب میں فیکلٹی اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔