خیبرپختونخواہ
کرم پل پر کام بہترین معیار کا ہونا چاہیے۔ ملک پختون یار
بنوں(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے پرانا کرم پل اور نئی سبزی منڈی سڑک کا دورہ کیا۔ کرم پل پر کام بہترین معیار کا ہونا چاہیے۔
اُنہوں نے کرم پل اور نئی سبزی منڈی پر جاری مرمتی کام کا معائنہ کیا اور کام کو تسلی بخش قرار دیا جلد بنوں میں فلائی اوور بنوانے کا وعدہ کرلیا۔
اس موقع پر ایم این اے مولانا مولانا نسیم علی شاہ, ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد اقبال, ملک عدنان خان,حاجی ملک محمد اللہ خان داوڑ, سکندر حیات خان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
این ایچ اے خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر زاہد اللہ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر ملک پختون یار خان نے میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرم پل اور نئی سبزی منڈی سڑک کی مرمت عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
یہ صرف بنوں کے عوام کا نہیں بلکہ پورے جنوبی اضلاع کا مسئلہ تھا کیونکہ یہ سڑک ملک بھر کیلئے آمدورفت کا ذریعہ ہے۔ اور یہ ایک انتہائی حساس مسئلہ بن چکا تھا جو حل کرایا گیا کرم پل اور نئی سبزی منڈی کے مرمتی کام میں ضلعی انتظامیہ ساتھ رہے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
اُنہوں نے کہاکہ عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کرم پل کے مرمتی کام میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو سہولیات مہیا کرنا اپنا فریضہ سمجھتا ہوں جلد بنوں کے عوام کیلئے کرم پل آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے مخالفین مختلف حربے استعمال کررہے ہیں لیکن ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ہر صورت خیبر پختونخوا و خاص کر بنوں کے عوام کیلئے بڑے بڑے منصوبے لاکر محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کیلئے رکاوٹ بنوں گا۔