خیبرپختونخواہ
شہریار آفریدی کی زیر صدارت کوہاٹ کے بجلی کے مسائل سے متعلق اہم اجلاس۔
کوہاٹ میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، ٹرانسفارمرز ریپیرینگ اور بڑھ فیڈرکے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے آفس میں رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی زیر صدارت کوہاٹ کے بجلی کے مسائل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ، پیسکو، جنگلات، واپڈا کنسٹرکشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بجلی کے مذکورہ مسائل تفصیلاً زیر غور آئے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی کیونکہ یہ مسائل مستقبل میں خطرناک صورتحال اختیار کر سکتے ہیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ اگر بجلی کے غلط اور اضافی بلوں کا تدارک کیا جائے تو پیسکو کو بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ دونوں مسائل بیک وقت حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے خراب ٹرانسفارمرز کے فوری طور پر مرمت اور بڑھ فیڈر کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
شہریار آفریدی کا پیسکو کی ریکوری سے متعلق کہنا تھا کہ غلط اور اضافی بلوں کا مسئلہ حل کرنے سے ریکوری میں بہتری آ سکتی ہے لہٰذا پیسکو حکام اس جانب خصوصی توجہ دیں۔