Connect with us

کرک

کرک میں منشیات کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد۔

منشیات

کرک (خصوصی رپورٹر): عالمی اینٹی ڈرگ ڈے کی مناسبت سے “منشیات سے انکار، زندگی سے پیار” کے عنوان پر سوشل ویلفیئر آفس کرک کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر سہیل الرحمن کی سربراہی میں یہ واک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفس سے تحصیل چوک تک کی گئی۔

واک میں شریک افراد نے منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر کرک، جناب حسین خٹک نے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے اور علاج زندگی ہے۔ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نئی نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل ویلفیئر آفس کرک میں منشیات کے عادی افراد کے لئے خصوصی سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جاتا ہے۔

حسین خٹک نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کے عادی افراد کو بحالی سنٹرز میں داخل کروائیں تاکہ وہ معاشرے اور گھر والوں پر بوجھ بننے کی بجائے دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئیں اور ایک باعزت اور کارآمد شہری کی طرح زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز سے عوام میں شعور بیدار ہوگا اور منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر سہیل الرحمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کا علاج ممکن ہے۔ ایسے افراد جو اس لعنت کا شکار ہوئے ہیں، وہ علاج سے دوبارہ نئی زندگی شروع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات صرف ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک بھی اسکا شکار ہیں۔ علاج اور احتیاط ہی اسکا بہتر حل ہے۔

ڈاکٹر سہیل الرحمن نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد پر کڑی نظر رکھیں کہ کہیں ان کی اولاد غلط سوسائٹی کے ذریعے منشیات کا عادی تو نہیں بن رہا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی نگرانی اور محبت ہی بچوں کو منشیات سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔