صحت
ڈینگی سے بچاؤ کیلئے کوہاٹ میں مچھر مار سپرے کا آغاز۔

محکمہ صحت حکومت خیبرپختونخوا نے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کے پیش نظر رواں موسم میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھڑا پانی ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے جس کی وجہ سے ڈینگی مچھروں کی افزائش کیلئے ساز گار ماحول فراہم ہو تاہے۔
لہٰذا دفتروں، کام کاج کی جگہوں، سکولوں، بازاروں، ہسپتالوں اور ٹائروں وغیرہ میں کھڑے پانی کے علاوہ گھریلو استعمال کے مختلف قسم کے برتنوں میں جمع کردہ پانی، تالاب میں ذخیرہ شدہ پانی، گملوں میں جمع شدہ پانی، بند نالے، نالیاں،کیاریاں اور زیر تعمیر عمارتوں میں بھی ڈینگی مچھر نشوونما پاسکتے ہیں۔
لہٰذا پانی ذخیرہ کرنے میں احتیاط سے کام لیاجائے۔
محکمہ صحت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر کے مطابق ڈینگی مچھر دن کے اوقات میں بالخصوص طلوع آفتاب کے کچھ گھنٹے بعد اورغروب آفتاب سے کچھ گھنٹے قبل کاٹتا ہے۔
ان اوقات میں مچھر کے کاٹنے سے خودکو بچانے کیلئے ایسا لباس پہنیں جس سے جسم مکمل طورپر ڈھکا ہوا ہو، مکمل آستینوں والی قمیص پہنیں اورنکر پہننے سے گریز کریں۔
مچھروں سے بچاؤ والے لوشن اورسپرے کااستعمال کریں، مچھر دانیوں کا استعمال یقینی بنائیں۔
مچھروں کوکمروں میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے مچھر دانی، پردے یاچادروں پر مچھر مار سپرے کرکے انہیں داخلی دروازے پرلٹکایاجائے۔
ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی ہدایت پر ضلع میں ڈینگی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوام کی سہولت کیلئے ٹی ایم اے کوہاٹ نے مچھروں کے خاتمے کے لئے مچھر مار سپرے شروع کردی ہے جو کہ مختلف علاقوں میں ایک مقررہ پلان کے تحت کیا جائے گا تاکہ عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے تدابیر پر عملدرآمد کریں۔
